غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کا بوئنگ737 طیارہ چین کے علاقےکونمنگ سے گوانگ ژو جا رہا تھا کہ منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ بوئنگ737 گوانگ شی ریجن میں وژوہو شہر کے قریب تباہ ہوا اور طیارہ گرنے کے بعد پہاڑ پر آگ بھڑک اٹھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں جانی نقصان کا خدشہ ہےجبکہ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہیں۔
چینی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایسٹرن ایئرلائنز کے جہاز بوئنگ 737 طیارے میں 133 مسافر سوار تھے۔ پرواز مقررہ منزل پر پہنچنے سے قبل ہی حادثے کا شکار ہوگئی۔ طیارے کو ایک بجے گوانگ ژوکے ایئرپورٹ پر اترنا تھا۔ یہ طیارہ جون 2015 میں بوئنگ سے ایسٹرن چائنا نے خریدا تھا اور چھ سال سے زیادہ عرصے سے استعمال کیا جارہا تھا۔
چین کی ایئر لائن انڈسٹری کا حفاظتی ریکارڈ پچھلی دہائی کے دوران دنیا میں بہترین رہا ہے۔ ایوی ایشن سیفٹی نیٹ ورک کے مطابق چین میں طیارے کا آخری حادثہ 2010 میں ہوا تھا جب ہینان ایئر لائنز کا ایک طیارہ یچون ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ اس حادثے کے نتیجے میں جہاز میں سوار 96 میں سے 44 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔